• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرضوں میں اضافہ حکومتی نااہلی کا اعلان ہے، مریم اورنگزیب


مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قرضوں میں اضافہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی کا اعلان ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں نون لیگی ترجمان نے وزیرِ اعظم عمران خان پر طنز کا تیر برساتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب ٹی وی لگا لیں آپ کی حکومت نے قوم کو مقروض کرنے کا نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نالائق اور نااہل حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول کر معیشت ٹھیک کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی اور نمایاں ترجیحات میں جھوٹ بولنا، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تباہی کی ذمے دار نالائق حکومت ہے، جس نے ایک سال شش وپنج اور کنفیوژن میں ضائع کیا۔

نون لیگی ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر کے مطابق کہ 5 اعشاریہ 5 کھرب کا ریونیو ہدف حاصل نہیں ہوسکتا۔

مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیوں جھوٹ بولتے ہیں؟ نالائق اور نااہل حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں کم ترین ریونیو جمع کرنے کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم سے یہ بھی استفسار کیا کہ عمران صاحب جولائی میں حکومت نے گزشتہ برس سے 164 فیصد زائد قرض کیوں لیا؟

نون لیگی ترجمان نے کہا کہ جولائی میں حکومتی قرضوں میں 12 کھرب 37 ارب کا اضافہ آپ کی نالائقی اور نااہلی کا اعلان ہے، روپے کی تاریخی 34 فیصد بے قدری کے باوجود گزشتہ جولائی میں برآمدات صرف1اعشاریہ 9 بلین ڈالر تھیں۔

تازہ ترین