• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بولرز کے حربے ناکام،عابد علی اور سمیع اسلم نے ڈبل سنچریاں داغ دیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بیٹسمینوں نے رنز کے ڈھیر لگا دیئے۔ بولرز کے تمام حربے ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔

پہلے دن پانچ سنچریاں بنیں تھیں۔ دوسرے دن عابد علی نے کیریئر بیسٹ249 اور سمیع اسلم نے بھی ڈبل سنچری داغ دی۔

عابد علی کی قومی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے176رنز بنائے۔

اتوار کو دوسرے دن سمیع اسلم نے 410گیندوں پر 243 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 29 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عدنان اکمل 113 اور عامر یامین 64رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ


سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 467رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود نے 83رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سنٹرل پنجاب نے47رنز بنائے تھے۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں عابد علی 249 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگزمیں26 چوکے شامل تھے۔

سرفراز احمد44رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ میزبان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 473 رنز 5کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جبکہ عمران فرحت اور خرم شہزاد نے 1،1کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان کی جانب سے امام الحق اور عظیم گھمن نے اننگز کا آغاز کیا۔

دن کے اختتام تک مہمان ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 16رنز بنائے۔

میچ کے تیسرے روز امام الحق 9 اور عظیم گھمن 6رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کے پی کے نے 526 رنز نو وکٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی ۔

کپتان محمد رضوان نے 22 چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے176رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ عادل امین نے 73رنز بنائے۔

ناردرن کرکٹ ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاجواب میں ناردرن نے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔

میچ کے تیسرے روز حیدر علی اور عمر امین بالترتیب 56اور 20رنز سے خیبرپختوانخوا کی جانب سے اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

ادھر قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ سیکنڈ الیون میں سندھ نے بلوچستان کے خلاف پہلی اننگز میں برتری حاصل کرلی۔

اتوار کو این بی پی گرائونڈ میں بلوچستان کے پہلی اننگز کے اسکور183رنز کے جواب میں سندھ نے235رنز بنائے۔ سیف بنگش نے72رنز بنائے۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بلوچستان نے دو وکٹ پر82رنز بنائے تھے۔

تازہ ترین