• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری نے دورہ ٔ واشنگٹن ساڑھے 7، نواز شریف نےساڑھے 5لاکھ ڈالر میں کیا

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم عمران خان ، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے واشنگٹن اور نیویارک دوروں کے اخراجات کی الگ الگ تفصیلات جاری کی ہیں۔

پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعداد و شمار جاری کئے ہیں جن میں زرداری اور نواز شریف کے واشنگٹن اور نیویارک دوروں کے اخراجات کا وزیراعظم عمران خان کے دوروں پر خرچ سے موازنہ کیا گیا ہے۔

سیف اللہ نیازی کے مطابق زرداری 2009 میں واشنگٹن گئے تو 7 لاکھ 52 ہزار 6 سو 68 ڈالرز کا خرچہ آیا ، نواز شریف نے 2013 میں واشنگٹن کا قصد کیا تو 5 لاکھ 49 ہزار 8 سو 53 ڈالرز خرچ ہوئے جبکہ عمران خان 2019 میں بطور وزیر اعظم واشنگٹن گئے تو محض 67 ہزار 180 ڈالرز میں دورہ مکمل ہو گیا۔

اسی طرح نیویارک کے سرکاری دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی واضح فرق دکھائی دیتا ہے۔ زرداری صاحب 2012 میں نیویارک یاترا کے لئے گئے تو غریب قوم کے 13 لاکھ 96 ہزار 201 ڈالرز خرچ کرآئے، نواز شریف کو 2016 میں نیویارک جانا ہوا تو مقروض قوم کو11 لاکھ 13 ہزار 142 ڈالرز کے خطیر اخراجات کا بوجھ برداشت کرنا پڑا۔

نون لیگ کے نام نہاد درویش وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 2017 میں گئے اور 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کرآئے جبکہ وزیر اعظم عمران خان چند دنوں میں نیویارک تشریف لے جائیں گے تو اندازاً صرف 1 لاکھ 62 ہزار 578 ڈالرز کے اخراجات اٹھیں گے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ زرداری و نواز حکومتیں مسلسل قوم کی پشت پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتی رہیں، دوسری جانب دونوں جماعتوں کی قیادت نہایت بے شرمی سے ٹیکس گزاروں کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر لٹاتی رہی۔

تازہ ترین