• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں سے غداری کی گئی تو اسلام آباد کا لاک ڈاؤن کرینگے ،سراج الحق

کوئٹہ (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگرکشمیر سے غداری کی گئی یا کشمیر کا سودا کیا گیا تو اسلام آبادکا لاک ڈاؤن کریں گے اور وہ لاک ڈاؤن دنیا دیکھے گی ، کشمیری عوام سے غداری کرنے والوں کو پاکستان میں قبر کی جگہ بھی نہیں ملے گی ، یہ ملک ہم سب کا ہے اگر ملک کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو کوئی نہیں رہے گا ، وزیراعظم نے کشمیر کے لئے آخری حد تک جانے کی بات کی وہ بتائیں کہ وہ کونسی حد ہے جہاں تک وہ جائیں گے وہ لائن آف کنٹرول اور کشمیر تک جانے کو تیار نہیں ، 42دن بعد بھی ہماری حکومت اچھل کود ، بیانات اور تقاریر کرنے کے سوا کچھ نہیں کررہی ، حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے ، نااہل اور ناکام حکومت کو 50 سال بھی حکمرانی دی جائے تو وہ کارکردگی نہیں دکھا سکتی،بلوچستان میں سب سے زیادہ کرپشن ہے احتساب کے بغیر صوبے میں کرپشن کا خاتمہ ناممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آزادی کشمیر اور بلوچستان کے حقوق کے لئے منعقدہ عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ، صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمٰن ، صوبائی نائب امیر بشیر احمد ماندائی ، نائب امیر زاہد اختر ، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن ، جماعت اسلامی یوتھ کے امیر زبیر احمد گوندل اور جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے امیر حافظ نور علی نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں جماعت اسلامی کا آزادی کشمیر اور حقوق بلوچستان مارچ ہاکی چوک سے شروع ہو ا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتاہوا منان چوک پہنچا ۔سینیٹر سراج الحق نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جلسہ بلوچستان کے عوام کے باشعور ہونے کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے باعث حوصلہ ہے،اس سے کشمیری عوام کو یہ واضح پیغام گیا کہ بلوچستان کےعوام ان کے ساتھ کھڑئے ہیں اور کشمیری مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں کے تحفظ کے لئے پوری قوم کی طرح اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کے لئے تیار ہیں ۔

تازہ ترین