• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلپائنی باکسر کو دبئی میں منعقدہ ایونٹ میں شکست دیکر پاکستان واپس پہنچنے والے پاکستان کے باکسر محمد وسیم کا ائیرپورٹ پر استقبال نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ان سے بحیثیت پاکستانی معذرت کرلی۔

پاکستانی باکسر محمد وسیم نےگزشتہ ہفتے دبئی میں فلپائن کے کونراڈو تنومور کو شکست دی تھی، اِس فتح کے بعد جب باکسر محمد وسیم پاکستان واپس پہنچے تو ائیرپورٹ پر حکومتی عہدیداروں اور باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے کسی قسم کا کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔

میڈیا پر جب باکسر محمد وسیم کے استقبال نہ کرنے کی خبریں گردِش کرنے لگیں تو اُنہوں نے یہ واضح کیا کہ میرا مقصد یہ نہیں تھا کہ مجھے کوئی وی آئی پی پروٹوکول دیا جائے لیکن یہاں بات میری عزت کی تھی۔

اِن خبروں کے بعد باکسر محمد وسیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا جس میں اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اِس لئے نہیں لڑرہا ہوں کہ ائیرپورٹ پر میرا استقبال نہیں کیا گیا بلکہ میں اِس لیے لڑرہا ہوں تاکہ پاکستان کاپوری دُنیا میں استقبال کیا جائے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ُہر لڑائی، ہر ٹور، ہر تربیتی کیمپ میرے لیے ایک نیا موقع ہوتا ہے کہ میں باکسنگ کی دُنیا کو دِکھاؤں کہ پاکستان کے پاس باکسنگ کا کتنا ٹیلنٹ ہے۔‘

باکسر محمد وسیم کے اِس ٹوئٹ کو جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل رائونڈر وسیم اکرم نے دیکھا تو اُنہوں نے باکسر محمد وسیم سے معذرت کی۔

 وسیم اکرم نے ٹوئٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ ’میں پورے پاکستان کی جانب سے آپ سے معافی مانگتا ہوں، بعض اوقات ہمیں ایک ملک ہونے کی حیثیت سے یہ یاد رکھنا چاہیے کہ قومی ہیروز کے ساتھ کیسا سلوک کرنا چاہیے۔‘

وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں باکسر محمد وسیم کو جیت کی مبارکباد دی اور یہ بھی کہا کہ ’اگلی بار میں خود ائیرپورٹ پر آپ کا استقبال کرنے آؤں گا۔‘

وسیم اکرم کے اِس ٹوئٹ نے باکسر محمد وسیم کا دِل جیت لیا اور اُنہوں نے بھی وسیم اکرم کے ٹوئٹ کا جواب دیا، اُنہوں نے لکھا کہ ’وسیم بھائی آپ نے بول دیا میرے لیے یہ ہی اعزاز کی بات ہے، میں پاکستان سے کُچھ نہیں مانگتا میرے مُلک کے حالات بہتر ہونگے انشااللّہ شکریہ۔‘

واضح رہے کہ باکسر محمد وسیم نے اپنی یہ کامیابی مودی سرکار کی قید میں موجود مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کی تھی۔

تازہ ترین