پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والد اور سابق صدر آصف علی زرداری سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔
احتساب عدالت کی خصوصی اجازت پر ہونے والی ملاقات میں آصفہ بھٹو اور سردار لطیف کھوسہ بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ حکومت کا خاتمہ اب ضروری ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصولی طور پر فضل الرحمٰن کے مارچ کے حامی ہیں، مگر اسلام کا کارڈ کھیلنا نہیں چاہتے، کشمیر کی صورتحال پر پوری دنیا کے دروازے ہم پر بند ہیں۔
پی پی چیئرمین کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے مارچ اور دیگر سیاسی امور پر کل اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو جیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے مگر ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
صحافیوں سے بات چیت کے دوران آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ جب آصف علی زرداری اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے گو اہیڈ دیں گے عدالت سے رجوع کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت تک آصف علی زرداری نے مجھے منع کیا ہے، سابق صدر براہ راست کسی بھی کیس میں ملوث نہیں ہیں۔