• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت مریم نواز کے پارٹی عہدے پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کریگی

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے پارٹی عہدے کے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرِاعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت مریم نواز کی مسلم لیگ نون کی نائب صدارت برقرار رکھنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے: ’پی ٹی آئی سستی شہرت کیلئے الیکشن کمیشن گئی تھی‘

کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ ہے کہ سزا یافتہ شخص کسی عہدے پر فائز نہیں ہو سکتا، اس فیصلے میں مانا گیا ہے کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں اور وہ کسی جلسے، جلوس اور سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، فیصلے میں نائب صدر کے عہدے کو غیرفعال کہا گیا ہے۔

کابینہ نے بے نامی ایکٹ کے تحت خصوصی بینچ بنانے، محکمہ موسمیات کے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ لاگو کرنے اور سول سروس ملازمین کے لیے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم لانے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا کے احتساب کے لیے خصوصی میڈیا ٹربیونلز قائم کیا جائے گا، جس کی نگرانی اعلیٰ عدلیہ کرے گی۔

کابینہ کے اجلاس میں محکمۂ موسمیات کے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ لاگو کرنے اور سول سروس ملازمین کے لیے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم لانے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا، وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا اور سعودی عرب پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں تقریر سے متعلق نکات پر کابینہ ارکان سے مشاورت کی جب کہ وزیراعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے شیڈول ملاقاتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا سفیر ہوں، انہیں مایوس نہیں کروں گا۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ وزیرِ اعظم عالمی رہنماؤں کو ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال سے آگاہ کریں گے۔

وزیر صحت کی سفارش پر کابینہ نے خواجہ سراؤں کے لیے بھی صحت کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت معذور افراد کی طرح خواجہ سراؤں کو بھی خصوصی صحت کارڈ ملے گا۔

اس حوالے سے حکومت نے ملک بھر میں موجود خواجہ سراؤں سے متعلق ابتدائی معلومات جمع کرنا شروع کردی ہے اور اس ضمن میں نادرا سے مدد لی جائے گی۔

کابینہ کے اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ ضلعی سطح پر مسکن کے نام سے اولڈ ایج ہوم قیام کیے جائیں جس پر وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ احساس پروگرام کو ہدایت کی وہ اولڈ ایج ہوم مسکن کے قیام کے لیے ترجیحات تشکیل دیں۔

سرکاری اسپتالوں میں اولڈ ایج ہوم مسکن کے لیے ایک ہیلپ لائن ہوگی جسے تمام پریس کلبز سے منسلک کیا جائے گا۔

تازہ ترین