اسلام آباد(آئی این پی ،صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ قوم مسئلہ کشمیر پر متفق ہے، مودی سرکار کے اقدامات پر بھارت بھی تقسیم ہوچکا ،بھارت کے یک طرفہ اقدام نے کشمیریوں کی جدوجہد کو نیا موڑ دیا، ہماری کوشش ہےکہ مسئلہ کشمیر کو پھر سے دنیا میں اجاگر کریں، سلامتی کونسل میں 54 سال بعد مسئلہ کشمیر اٹھایا گیا، دیرینہ معاملے پر اب او آئی سی کو متحرک کرنا ہوگا.
تحریک انصاف کی جانب سے کل جماعتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ نریندرمودی میں ہمت ہے تو سری نگر میں جلسہ کرکے دکھائے، مسئلہ کشمیر بھارتی مخالفت کے باوجود آج یورپی یونین کے ایجنڈے پر ہے ۔
وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں طویل عرصے سے جدوجہد جاری ہے ، پانچ اگست سے تحریک آزادی میں نیا موڑ آیا ، تاریخ سے سب واقف ہیں۔