اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے منگل کو پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے رکن قومی اسمبلی چوہدری سالک حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی انہوں نے چوہدری شجاعت حسین کے روبہ صحت ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین ایک وضعدار، بامروت اور روادار شخص ہیں جن کا سب احترام کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کی دعا کی۔ اس موقع پر چوہدری صالح حسین نے شہباز شریف کو چوہدری شجاعت حسین کی صحت اور علاج سے متعلق آگاہ کیا۔