وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کتے کے کاٹنے سے بچے کی لاڑکانہ میں ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے 10 سالہ بچے میر حسن کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
مراد علی شاہ نے کمشنر لاڑکانہ کو ہدایت کی کہ انہیں واقعے کی تفصیلی رپورٹ فراہم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیے: کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے سے 10 سال کا بچہ جاں بحق
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ شکارپور کا ہے تو وہاں بچے کا علاج کیوں نہیں ہوسکا؟ لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین کا کیا مسئلہ ہے؟ یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ ایک ماں کی گود اُجڑ گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں جس کی بھی غفلت ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
کتے کے کاٹنے سے بچے کی ہلاکت کا واقعہ:
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے 10 سالہ بچہ میر حسن جاں بحق ہوگیا تھا، جس کا تعلق شکارپور کے گاؤں داود ابڑو سے تھا۔