• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے خلاف سیاسی اور سفارتی جدوجہد کو تیز کیا جائے، کشمیری رہنما

مانچسٹر(پ ر) بھارت اور پاکستان ستر سال سےمسئلہ کشمیر حل نہیں کر سکے، بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، دوطرفہ کوششیں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکیں اقوام متحدہ کی مداخلت کے بغیر پُرامن حل کے لیے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکتی، کشمیریوں نے بھارتی آئین کو کبھی تسلیم نہیں کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو آباد کر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے غیر قانونی حربے اور سازشیں کر رہا ہے، عالمی معاہدوں کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، چھ ہفتوں سے کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے، تمام راستے بند، روز مرہ کی زندگی مفلوج ہوچکی ہے اور دنیا خاموش تماشا دیکھ رہی ہے۔ کوئی ظلم اور بربریت کو روکنے والا نہیں اورمسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر کوئی دبائو نہیں کہ وہ پُرامن کوششوں کا ساتھ دے ۔ ان خیالات کا اظہار کشمیری رہنمائوں تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جموں وکشمیر مسلم کانفرنس یورپ کے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمد بشیر رٹوی اور تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورت حال مسلسل کرفیو پر ایک ملاقات میں گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر دنیا بھر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم مودی کی خطرناک حرکتوں کے خلاف شدید احتجاج ہو رہا ہے برطانوی اور یورپین پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند ہو رہی ہے اقوام متحدہ اور کوئی حکومت ابھی تک حرکت میں نہیں آئی مودی کے قتل عام ظالمانہ ہتھکنڈے کو روکنے کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گے ۔ کشمیری رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف سیاسی اور سفارتی جدو جہد کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر دبائو کے لیے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو یورپ بھر میں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین