• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ:جان میجر آج پارلیمنٹ معطلی پر دلائل دیں گے

لندن (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم سرجان میجر سپریم کورٹ میں بورس جانسن کو براہ راست چیلنج کر رہے ہیں۔ پہلی بار ہو گا کہ سابق ٹوری وزیراعظم اپنی ہی پارٹی کے وزیراعظم پر سپریم کورٹ میں ایک بے مثال بمباری کا آغاز کریں کہ پارلیمنٹ معطل کر کے جانسن نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئن کی تقرری کروانے کا فیصلہ بغیر سوچے سمجھے کیا گیا۔ ادھر ایم پیز کہتے ہیں کہ انہوں نے کوئن کو گمراہ کیا جب کہ درپردہ وہ بریگزٹ کیخلاف ہماری جدوجد روکنے کیلئے یہ اقدام کر رہے تھے۔ سپریم کورٹ نے انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ سے دو متضاد کیسوں کا فیصلہ جمعے کو یا آئندہ ہفتے دینا ہے۔ اخبار مرر کو معلوم ہوا ہے کہ یو کے کی سب سے بڑی عدالت میں کیس کے تیسرے اور آخری دن (جمعرات کو) سرجان میجر 20منٹ کی بحث کریں گے ۔ 1997تک وزیراعظم رہنے والے جان میجر برطانیہ کے گیارہ سینئر ججز کے سامنے اپنا مؤقف پیش کریں گے کہ جانسن نے پارلیمینٹ معطل کر کے غیرقانونی کام کیا۔ لگتا نہیں کہ بورس جانسن بھی عدالت میں موجود ہوں اور سرجان میجر کی جانب سےکئے گئے حملے کا سامنا کریں۔ واضح رہے کہ سرجان میجر نے بھی 1997کے انتخابات سے قبل پارلیمنٹ معطل کر دی تھی جس سے ایم پیز کیش فار کوئسچنز اسکینڈل پر رپورٹ پیش نہ کر سکے تھے۔ بورس جانسن کی جانب سے پارلیمنٹ معطل کرنے کے عمل کے خلاف کیس کی سماعت 3دن ہوگی۔ انگلینڈ کی ہائی کورٹ نے اس کیس پر جانسن کے حق میں فیصلہ دیا تھا جبکہ سکاٹ لینڈ کی سیشن عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ جانسن کا پارلیمنٹ معطل کرنے کا اقدام غیرقانونی ہے، جس کے بعد حکومت نے اپیل دائر کی تھی۔
تازہ ترین