پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کے ممبر خورشید شاہ کے بنی گالہ والے گھر پر نیب کی ٹیم نے چھاپہ مارا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کے گھر پر مارے گئے چھاپے میں نیب حکام نے پورے گھر کی تلاشی لی۔
نیب حکام نے خورشید شاہ کے زیر استعمال کمرے کی تلاشی بھی لی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا دو دن کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے آج سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔
احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے خورشید شاہ کو سکھر کی عدالت میں پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ کی درخواست دی گئی جس پر جج محمد بشیر نے سوال کیا کہ سکھر جانے میں کتنا ٹائم لگ جاتا ہے؟
خورشید شاہ نے عدالت کو بتایا کہ آج صبح سکھر کی فلائٹ تھی، کل بھی ہوگی، اس پر تفتیشی افسر نیب نے عدالت سے کہا کہ 3 دن کا راہداری ریمانڈ دے دیں، ہم پہلی دستیاب فلائٹ سے انہیں سکھر لے جائیں گے۔
اس موقف پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے خورشید شاہ کا 2 دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ خورشید شاہ کو 2 دن میں سکھر کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ خورشید شاہ کو کل اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر آمدن سے زیادہ اثاثوں اور فلاحی پلاٹ غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کا الزام ہے۔
خورشید شاہ کو نیب راولپنڈی نے نیب سکھر کی تحقیقات پر بنی گالا سے گرفتار کیا تھا۔