• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائم خانی کے گھر سے برآمد اثاثوں کی مالیت 10 ارب روپے

میئر کراچی وسیم اختر کے مشیر و کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر کی تجوری سے سونے کے سیٹ، پرائز بانڈز، پاکستانی و غیر ملکی کرنسی نکالی گئی، جبکہ قائم خانی کے گھر سے برآمد اثاثوں کی مالیت 10 ارب روپے تک بتائی جارہی ہے۔

قائم خانی کے گھر سے برآمد اثاثوں کی مالیت 10 ارب روپے


سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی نے نیب حکام کی موجودگی میں گھر میں تجوری کھولی، جس سے بر آمد ہونے والے سونے کی اشیا کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔

تجوری سے نکالا گیا تمام سامان لیاقت قائم خانی نے خود نیب کے حوالے کیا۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر سے برآمد اثاثوں کی مالیت دس ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

نیب کے ہاتھوں گرفتار لیاقت قائم خانی پر الزام ہے کہ انہوں نے20 سال میں کراچی کے 71 پارک صرف کاغذات میں بنائے، پارکس میں جعلی کام کرانے کے لیے جعلی کمپنیاں بنائیں۔

نیب کی جانب سے لیاقت قائم خانی کے خلاف تین مزید ریفرنسز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، ان کے گھر سے برآمد اثاثوں کی مالیت 10 ارب روپے اور برآمد سونے کی اشیاء کی مالیت 15 کروڑ سے زائد ہے۔

لیاقت قائم خانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے، کرپشن اور جعلی دستاویزات کے ریفرنس بھی فائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیب کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ایک ارب روپے ہڑپ لیے ہیں۔

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی میں گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز و سامان کی دستاویزات برآمد کرلیں۔

چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی 8 لگژری گاڑیوں میں مرسیڈیز اور لینڈ کروزر بھی شامل ہیں جبکہ جدید اسلحے کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔

اس کے ساتھ ساتھ سونا، قیمتی زیورات اور کراچی اور لاہور کے بنگلوز کی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔

ان کے گھر سے 4  بائی 6 فٹ کے دو بڑے لاکر ز بھی پکڑے گئے۔

سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ملزم لیاقت قائم خانی کو گزشتہ روز باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے اور کلفٹن کے ایک پارک کا بڑا پلاٹ غیر قانونی الاٹ کرنے کا الزام ہے۔

نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا گھر انتہائی پُرتعیش اور عالی شان ہے جو اُن کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا۔

اس گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتے ہیں اور گھر کے اندر باتھ روم 2 مرلے پرمحیط ہے۔

لیاقت علی قائم خانی میئر کراچی کے مشیر اور ایک بڑی سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین کی حیثیت سے کام کرتا رہا ہے۔

نیب کی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کر کے اسلام آباد منتقل کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ حاصل کرلیا۔

تازہ ترین