وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو پیغام بھیجا ہے کہ گرم جگہ پرپاؤں نہ رکھیں۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے ن لیگ مذہبی کارڈ استعمال کرنےمیں مولانا فضل الرحمٰن کا ساتھ نہیں دیگی ۔
شیخ رشید نے کہا کہ معاملات طے ہو رہے ہیں ، آصف زرداری کی ٹیم نے پیسے دینےشروع کردیے ہیں،شہبازشریف میں لچک ہے،وہ درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لندن سے بیٹھ کرکالیں کرنےوالےلندن سے بھی گرفتار ہوسکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میڈیا یہ تاثردے رہا ہے کہ سی پیک پیک ہوگیاہے،یہ زیادتی ہے۔
وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لیکراقوام متحدہ میں جارہے ہیں ،سلامتی کونسل میں کشمیرکامقدمہ باون سال بعد عمران خان لے کرگئے ۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں کیس لڑاجاتا ہے،اقوام متحدہ خود حق نہیں دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سری نگرکا کشمیری ثابت کریگا کہ کشمیری زندہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں اب پتھر نہیں کچھ اور استعمال ہوگا ۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ یقین سےکہتا ہوں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کی قیادت میں سلیقے سےکشمیر کا مسئلہ آگے بڑھے گا، جنگ کا فیصلہ آرمی چیف اور وزیراعظم کا ہوگا۔ابھی جنگ ہوتے نہیں دیکھ رہا لیکن اگرحملہ ہوا توپاک فوج اہداف کےساتھ تیارہے، کل بھمبربارڈر پرکشمیریوں سےخطاب کرونگا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں عمران خان کےساتھ ہوں پی ٹی آئی کا ممبر نہیں، اس حکومت میں جتنے ترجمان ہیں،آج تک نہیں دیکھے۔