• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی صفائی مہم میں تعاون کروں گا: میئر کراچی

کراچی کے میئر وسیم اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ سندھ حکومت کی صفائی مہم میں تعاون کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ صفائی کے سلسلے میں وزیرِ بلدیات ناصر شاہ سے گزشتہ روز ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں مزید کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع صفائی مہم میں سندھ حکومت کا ساتھ دیں گے، اب سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہو گا، اب ہمیں لوگوں کے مسائل حل کرنے ہیں۔

کراچی میں صفائی مہم ایک کے بعد ایک چلی اور ختم ہوگئی لیکن کچرا ختم نہ ہو سکا جسے صاف کرنے کے لیے اب سندھ حکومت میدان میں آگئی ہے۔

اب سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کی صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس پر آج سے عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

کراچی کے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں، نارتھ کراچی اور ضلع غربی میں سندھ حکومت کی صفائی مہم جاری ہے۔

ایک ماہ کا ٹارگٹ لیے سندھ حکومت شہر کا پرانا کچرا بھی صاف کرے گی، اس نے صفائی مہم میں بلدیاتی حکوت کو بھی ساتھ شامل کیا ہے۔

شہر کے 6 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پانچ، پانچ کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ملیر میں حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے صفائی مہم کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مہم کی نگرانی کے لیے صوبائی وزراء اور مشیروں کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں۔

ضلع شرقی میں بھی صفائی مہم جاری ہے، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ اس شہر میں کچرے پر بہت سیاست ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے پہلے چلنے والی مہم فوٹو سیشن تھیں، شہر میں صفائی کے ساتھ کتا پکڑو مہم اور انسداد تجاوزات آپریشن بھی جاری رہے گا۔

تازہ ترین