• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوہن سنگھ گیل نے 83 سال کی عُمر میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا کہ تعلیم کی کوئی عُمر نہیں ہوتی ہے۔

بھارتی بڈھے نے 62 سال بعد ماسٹرز کرلیا


بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والےسوہن سنگھ گیل نے 83 سال کی عُمر میں 62 سال بعد اپنی ادھوری تعلیم کو مکمل کرکے انگریزی میں ماسٹرز کرلیا ہے، اُنہوں نے جلندھر کی لولی پروفیشنل یونیورسٹی سے 18 ستمبر کو اپنی ماسٹرزکی ڈگری حاصل کی ہے۔

سوہن سنگھ گیل پنجاب کے شہر ہوشیار پور کے گاؤں دتہ میں مقیم ہیں، اُنہوں نےسن 1957 میں ماہی پلپور خالصہ کالج سے گریجوشن کرنے کے بعد تعلیم چھوڑ دی تھی، جس کے بعد اُنہوں نے ٹیچنگ کا کورس کیا لیکن دو سال قبل سوہن سنگھ گیل نے اپنی نامکمل تعلیم کو مکمل کرنے کا سوچا اور جلندھر کی یونیورسٹی میں انگریزی میں ماسٹرز کے لیے داخلہ لے لیا، جس وقت اُنہوں نے ماسٹرز میں داخلہ لیا تھا تو اُس وقت ان  کی عُمر 81 برس تھی اور اب 83 سال کی عُمر میں اُن کا ماسٹرز مکمل ہوگیا ہے۔

گیل کا کہنا ہے کہ ’انگریزی بچپن سے ہی میرا پسندیدہ مضمون رہا ہے اور  اب میں نے اپنے اُس خواب کو پُورا کیا ہے جو میں نے ہمیشہ سے دیکھا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب میں کینیا میں رہتا تھا تو اُس وقت مجھے انگریزی میں مہارت حاصل کرنے میں بہت مدد ملی تھی، مجھے معلوم تھا کہ میں دیر سے ہی سہی لیکن میں اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوجاؤں گا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں گزشتہ عرصے میں آئیلٹس کے طلباء کو انگریزی کی تربیت دیتا رہا ہوں اور میرے سب ہی طالبِ علموں نے اچھے نمبرز حاصل کیے ہیں۔‘

واضح رہے کہ سوہن سنگھ گیل 15 اگست 1937 میں پیدا ہوئے تھے اور اُنہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم دیہی اسکول سے حاصل کی تھی، انگریزی کے علاوہ کھیلوں میں ہاکی اُن کا پسندیدہ کھیل ہے۔ 

تازہ ترین