• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک سری لنکا سیریز، آئی سی سی ہائی آفیشل کراچی آئیں گے

آئی سی سی کےجنرل منیجر جیف ایلا ڈائز پاکستان کی دعوت پر پاکستان اور سری لنکاکا پہلا ون ڈے انٹر نیشنل دیکھنے کراچی آرہے ہیں۔

جیف جمعرات کی صبح آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون اور امپائروں کے ساتھ کراچی آرہے ہیں۔

آئی سی سی میچ آفیشل کی کراچی آمد سے قبل آئی سی سی کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ شان نورس اور ایڈوانس ٹیم کے ایک رکن منگل کو کراچی پہنچ رہے ہیں، شان نورس امپائروں اور میچ ریفری کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

سری لنکا ٹیم کی آمد سے قبل ان کے سیکیورٹی آفیسر پیر کو کراچی پہنچ گئے ہیں، سری لنکا کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ پاکستان کے پروگرام میں تبدیلی کردی ہے۔

مہمان ٹیم منگل کی شب کراچی پہنچ رہی ہے،اس حوالے سے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سیکیورٹی ایجنسیوں نے سنبھال لیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم پیر کی شب کراچی پہنچ گئی،پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں ٹیموں کی پریکٹس کا شیڈول جاری کردیا ہے، سری لنکا کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی، پریکٹس سیشن سے قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گا۔

شام 6 بجے پاکستان کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی۔ پریکٹس سیشن سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گا، دوپہر 2 بجے، پاکستان کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی۔

جمعرات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے، پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھری مانے ٹرافی کے ہمراہ پری سیریز فوٹو سیشن میں شرکت کریں گے۔فوٹو سیشن کے بعد لاہیرو تھری مانے پری سیریز پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

شام 6 بجے سری لنکا کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی۔ کراچی میں تین ون ڈے میچوں کے بعدپاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے 3 میچز 5 ، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد سے قبل سری لنکا کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ کموڈور کانشکا کولارتنے کراچی پہنچ گئے ہیں، پیر کو سیکورٹی کنسلٹنٹ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

کموڈور کانشکا نے ڈریسنگ رومز سمیت دیگر مقامات کا جائزہ لیا،اس  دوران انہوں نے کچھ حصوں میں تبدیلی کے لئے بھی کہا، اس موقع پی سی بی کے کرنل عثمان نے انتظامات پر بریفنگ دی۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی انتظامات پر کموڈور کانشکا کا نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ادھر نیشنل اسٹیڈیم میں میچوں کے کامیاب انعقاد کے لئے مختلف میٹنگز جاری ہیں۔

تازہ ترین