امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ انہیں کئی کاموں پر نوبل امن انعام ملنا چاہیے۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بارک اوباما کو صدر بنتے ہی نوبل انعام ملا جس پر اوباما حیران تھے، انہیں خود بھی حیرانی ہوئی کہ اوباما کو ایوارڈ کیوں دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرٹ پر نوبل انعام دیا جائے تو مجھے کئی نوبل انعام ملیں گے مگر وہ ایسا کرتے نہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان اور پاکستان دونوں پر اعتماد کرتے ہیں مگر ان سے پہلے امریکی صدور نے ایسا نہیں کیا، میں پہلے بھی ثالثی کرچکا ہوں جس میں کبھی ناکام نہیں ہوا۔
امریکی صدر نے کہا کہ کسی مقام پر جاکر بھارت بھی بات چیت پر آمادہ ہوسکتا ہے، کسی لمحے وہ کہیں کہ چند نکات حل کرنا چاہتے ہیں تو میں اچھا ثالث ہوں گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان سے تجارت بڑے پیمانے پر بڑھائیں گے۔