5 ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ جاری جنگ کے 11 دنوں کے دوران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ملک بھر میں تقریباً 10 ہزار شہری مقامات پر حملے کیے گئے جن میں 1 ہزار 300 سے زائد شہری شہید ہو چکے ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق دارالحکومت تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی حملے جاری ہیں۔
ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ نشانہ بننے والے مقامات میں شہری انفرااسٹرکچر اور رہائشی علاقے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے 16 بارودی سرنگیں بچھانے والے بحری جہاز تباہ کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔