• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی اور السٹر یونیورسٹی میں تحقیق کو فروغ دینے کیلئے معاہدہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی اوربرطانوی السٹر یوینورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی جبکہ السٹریونیورسٹی کی جانب سے ڈائریکٹرفار گلوبل انگیجمنٹ کیتھریونامیکارٹی(Catriona McCarthy) نے مفاہمتی یادداشت پر ستخط کئے۔تقریب میں رئیسہ کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر تبسم محبوب ،شعبہ کمپیوٹر سائنس کے فیکلٹی ممبران اور کنٹری مینجر السٹر یونیورسٹی حمیر احمد بھی موجود تھے۔مذکورہ مفاہمتی یا دداشت کا مقصد جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو اسکالرشپ کی سہولت دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق کو فروغ دینا ہے۔کیتھریونا میکارٹی نے کہا کہ اس مفاہمتی یا دداشت کے تحت شعبہ ہذا کے فیکلٹی ممبران بھی السٹر یونیورسٹی جاکر وہاں پر موجود عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب،تکنیکوں اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرسکیں گے۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر سائنس کے شعبہ کو ترقی دینے کے لئے دونوں جامعات کوشاں ہیں جس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔کیتھریونامیکارٹی نے مزید کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے دوطرفہ معلومات کا تبادلہ ہوگا اور دونوں جامعات کی فیکلٹی ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ اُٹھائیں گے ۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ایسے پروگرامز طلبہ کے لئے بہت ہی معاون ثابت ہوتے ہیں کیونکہ وہ دوران تعلیم ہی اپنی جامعہ سے باہر جاکر اپنی پڑھائی کا کچھ حصہ مکمل کرتے ہیں جس سے ان کو نئی چیزیں سیکھنے اور سمجھنے میں بہت مدد ملتی ہے۔

تازہ ترین