پشاور (محمد ناصر) ہر سال کی طرح امسال بھی پشاور میں سالانہ ڈیجیٹل یوتھ سمٹ منعقد کی جارہی ہے ، 27سے 29ستمبر تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کا مقصد صوبے میں ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی نوجوانوں کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے، جنگ مارکیٹنگ، جیو نیوز اور انٹرلنک ملٹی میڈیا (آئی ایم ایم) کانفرنس کے خصوصی میڈیا پارٹنر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت اور ورلڈ بینک کی مشترکہ کاوشوں سے پشاور میں سالانہ ڈیجیٹل یوتھ سمٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے،یہ سمٹ 27 ، 28، اور 29 ستمبر کو منعقد کی جائےگی،2014ءمیں اپنے قیام کے بعد سے ڈجیٹل یوتھ سمٹ کا شمار پاکستان کی بہترین ٹیکنالوجیز کانفرنسز میں ہونے لگا ہے،کانفرنس کا مقصد ڈیجیٹل اکانومی کے شعبے میں خیبر پختون خوا میں نئے مواقع فراہم کرنا اور نوجوانوں خاص طور پر خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی تمام نوجوانوں کو اس کانفرنس میں شرکت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس سمٹ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ میں چاہتا ہوں کہ تمام لوگ اس کانفرنس میں شرکت کریں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ہم پختونخواہ میں ایک ڈیجیٹل حکمت عملی بنا رہے ہیں جس کا مقصد ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل ملازمتیں فراہم کرنا ہے اور یہی نوجوانوں کا مستقبل ہے۔