کراچی کے مختلف علاقوں میں آج ایک بار پھر سے دوپہر میں بارش کا آغاز ہوگیا۔
اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے اثرات آج دوپہر میں ایک بار پھر سے کراچی سمیت سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش برسا سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات اور راجستھان میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے سندھ میں داخل ہونے کا امکان نہیں، تاہم ہوا کے کم دباؤ کے اثرات آج کراچی سمیت سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش برسا سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دوپہر میں ہونے والی بارش پاک سری لنکا ون ڈے میچ کی ابتداء کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ آج دن ایک بجے سے 4 بجے تک کے درمیان شہر کے مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سسٹم کا مرکز سندھ نہ پہنچنے کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ اب موجود نہیں ہے جبکہ کل شام سے سمندری ہوائیں بحال ہوسکتی ہیں جس سے درجہ حرارت میں کمی آنے کا بھی امکان ہے۔