محکمہ موسمیات کے مطابق آج ایک بار پھر سے کراچی سمیت زیریں سندھ میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا کم دباؤ راجستھان اور جنوب مشرق سندھ میں تاحال موجود ہے جس کی وجہ سے آج کراچی سمیت زیریں سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
ذرائع موسمیات کے مطابق موسمیاتی نقشے آج بھی کل والی صورتحال ہی دکھا رہے رہیں اور جس کی وجہ سے شہر میں دوپہر تک بارش ہوسکتی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ڈیٹا کے مطابق ستمبر 2011میں 212.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ رواں سال مون سون میں 315 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
کلائمٹ ڈیٹا کے مطابق رواں مون سون کی بارش آٹھویں بڑی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی کےسمندر میں ایک اور ہوا کا کم دباؤ موجود ہے اور اس کم دباؤ کے رخ کا اندازہ آئندہ کچھ دنوں میں ہوجائے گا۔
کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73فیصد ہے اور جنوب مغربی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں کے بعد سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کو مختلف علاقوں سے نکال دیا گیا ہے، جبکہ کرنٹ لگنے سے مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔