• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی فلموں کے گانوں کی سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت !!

رواں برس کی سب سے بڑی اور کام یاب فلم ”پرے ہٹ لو“ کے گانے” ہائے دل بےچارہ“ نے 2019میں سب گانوں سے پہلے ایک کروڑ ہِٹس کا چھکا لگالیا ہے۔ یو ٹیوب کی گنتی میں ایسے بہت کم پاکستانی فلمی گانے ہیں ،جنھیں 10ملین یا 1کروڑ سے زائد بارسنا یا دیکھا گیا ہے ۔’’ہائے دل بیچارہ‘‘ نے یہ اعزاز فلم کی ریلیز کے دوران ہی حاصل کرلیا تھا۔ ’’ہائے دل بیچارہ‘‘ سے پہلے غالبا 10پاکستانی فلمی گانے ہیں، جنھوں نے ایک یا ایک سے زیادہ لنکس کے ذریعے عوام میں یہ مقبولیت حاصل کی۔ 2010کے بعد ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں میں اب تک یو ٹیوب پر سب سے مقبول فلمی گانے کا اعزاز فلم”بول“ کے گیت”ہونا تھا پیار“ کے پاس ہے۔

یہ گانا عاطف اسلم اور ماہرہ خان پر فلمایاگیا تھا،اس گانے کے لیے تین مختلف لنکس پر اب تک4کروڑ سے زائد”ویوز“ ہوچکے ہیں۔ یہ گانا اُن2فلمی گانوں میں شامل ہے ،جس کے2لنکس پر اب تک دس دس ملین سے زیادہ کے ہٹس ہوئے۔ 2016میں ریلیز ہونے والی عاصم رضا کی فلم ”ہو من جہاں“ کے گانے ”شکر ونڈاں“پاکستانی فلمی گانوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔اس گانے کو اب تک صرف2لنکس پر 4کروڑ کے قریب ہٹس مل چکے ہیں۔ 

اس گانے میں شہریار ،ماہرہ اور عدیل کے ساتھ دیگر مہمان اداکار بھی تھے۔ 2018میں ریلیز ہونے والی ”ڈونکی کنگ“ کے ٹائٹل سونگ”ڈونکی راجا“ نے اسپیڈ اور مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ۔اس گانے نے صرف ایک لنک سے اب تک ساڑھے 3 کروڑسے زیادہ ہٹس لگائے۔

اگر صرف ایک لنک سے حساب کتاب کی بات ہو تو، یہ گانایو ٹیوب پر سب سے مقبول پاکستانی فلمی گانا ہے ۔ بول ، ہو من جہاں اورڈونکی کنگ سے مقبولیت کے ریکارڈ بنانے والے یہی تین گانے ہیں، جنھوں نے پاکستانی فلمی تاریخ میں یو ٹیوب پر ایک کروڑ کے بعد دوکروڑ پھر تین کروڑ ہٹس کے اعزاز کو حاصل کیا ۔

2018میں ہی پاکستانی فلموں کے میوزک کو ایک نیا رخ دینے والی علی ظفر کی فلم ’’طیفا اِن ٹربل‘‘ کے میوزک نے دنیا بھر میں دُھوم مچادی۔ اس فلم کے ”آئٹم نمبر نہیں کروں گی“ اور”چن وے“نے فلم کی ریلیز کے دوران ہی دس، دس ملین ہٹس کے چھکے لگائے۔

ان میں سے”آئٹم نمبر نہیں کروں گی“ کو اب تک صرف ایک لنک سے 1کروڑ 70لاکھ سے زائد بار دیکھا یا سُنا جاچکا ہے، جب کہ چن وے کی گنتی 1کروڑ 10لاکھ تک ہی محدود رہی۔ پچھلے سال ہی کی ریلیز ”پرچی“ کا گانا”ہائےبلو ہائے “ بھی اس فہرست میں موجود ہے ۔اس فلمی گانے کے لیے اب تک صرف ایک لِنک سے ڈیڑھ کروڑ ہٹس ہوچکے ہیں۔ یہ گانا دسمبر 2017میں اپ لوڈ ہوا تھا، لیکن فلم کی ریلیز کی وجہ سے ہم اسے 2018میں ہی شمار کریں گے۔

2016کی فلم”دوبارہ پھر سے“ سینما گھروں میں تو ہٹ نہیں ہوسکی تھی، لیکن اس فلم کا شادی نمبر”لڑکیاں“آج بھی مقبول ہے ۔ اس گانے نے تین برسوں کے دوران اب تک 1کروڑ20لاکھ سے زیادہ ہٹس حاصل کیے۔2017میں ریلیز ہوکر پاکستان کی اُس وقت تک کی سب سے کام یاب فلم ”پنجاب نہیں جاوں گی“ کے بھی شادی نمبر”24سیون“نے بھی بہت سارے لِنک سے ایک کروڑ کے قریب ہٹس حاصل کرلیے ہیں، لیکن اس فہرست میں یہ واحد گانا ہے، جس نے 5 لنکس میں بھی ایک کروڑ کا ”رَن“مکمل نہیں کیا۔ تو اس گانے کو آپ اس فہرست میں رکھ بھی سکتے ہیں اور اڑا بھی سکتے ہیں۔

2018کی ریلیز پاکستان کی سب سے کام یاب اینیمیٹڈ ڈونکی کنگ کے ”انکی پنکی پونکی“ اور پاکستانی فلمی تاریخ کی سب سے کام یاب فلم ” جوانی پھر نہیں آنی ٹو“ کے ” ٰآیا لاڑیے“ دونوں ایسے گانے ہیں، جن کی ایک ایک کروڑ کی ”ہٹ“ مکمل اور ”کلین“ ہے۔ دونوں کا اسکور 1کروڑ20لاکھ کے قریب یا زیادہ رہا۔ وہ بھی صرف ایک ایک لنک سے۔ 

ان گانوں پر ایک نظردوڑائی جائے تو سب سے دل چسپ بات یہ ہے کہ اس میں استاد راحت فتح علی خان کے بالو ماہی،بن روئے،راستہ،ارتھ2اورپرے ہٹ لو سمیت کئی فلموں میں ان کے گانے بہت مقبول ہوئے ،لیکن یو ٹیوب کی گنتی میں وہ ابھی تک پیچھے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین