• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا وطن واپسی پر وزیراعظم کے تاریخی استقبال کا اعلان

حکمراں جماعت تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کا نیویارک سے وطن واپسی پر تاریخی اور فقیدالمثال استقبال کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب اور کامیاب دورۂ اقوام متحدہ کے بعد کل (اتوار) شام اسلام آباد واپس پہنچیں گے۔

پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللّٰہ نیازی نے وطن واپسی پر وزیراعظم کے فقید المثال استقبال کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو تیاری کی ہدایت کردی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات احمد جواد کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے تاریخی خطاب اور اقوام متحدہ کے کامیاب دورے کی تکمیل کے بعد اتوار کی شام اسلام آباد پہنچیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق پارٹی کے تمام لیڈرز اور کارکنوں کوعمران خان کے تاریخی استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیف اللّٰہ نیازی نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے ولولہ انگیز تاریخی خطاب نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی شکل میں امت مسلمہ خصوصاً اہلِ کشمیر کو ایک توانا آواز میسر آئی ہے۔

سیف اللّٰہ خان نیازی نے کہا کہ کل اسلام آباد وزیراعظم کے تاریخی خیر مقدم کے لیے نکلے گا اور دنیا کو ٹھوس پیغام بھجوائے گا۔

تازہ ترین