• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ون ڈے میچ: سری لنکن ٹیم کی بھرپور ٹریننگ

پاکستان کیخلاف دوسرے ایک روزہ میچ کی تیاریوں کیلئے سری لنکن ٹیم نے کراچی میں بھرپور ٹریننگ کی، سری لنکن پلیئرز نے تین گھنٹے جاری پریکٹس سیشن میں تینوں شعبوں بیٹگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور محنت کی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرا ون ڈے پیر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، یہ میچ پہلے اتوار کو ہونا تھا لیکن موسم کی صورتحال اور گراونڈ کنڈیشن کی وجہ سے میچ کو ری شیڈول کردیا گیا تھا۔

میچ ری شیڈول ہونے کے بعد سری لنکن پلیئرز نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں دوپہر کے وقت پریکٹس سیشن کیا، گرمی اور حبس میں سری لنکن کھلاڑیوں نے کھیل کے تینوں شعبوں میں بھرپور پریکٹس کی۔

ٹیم کا پریکٹس سیشن دن دو بجے فیلڈنگ ڈرلز کے ساتھ شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہا، سری لنکن بولرز نے پاکستانی بیٹنگ اسٹرینتھ کے حساب سے بولنگ کرانے کی پریکٹس کی جبکہ بیٹسمینوں نے بھی پاکستانی اٹیک کے باونسرز اور جادوئی اسپن سے نبردآزما ہونے کی تیاریاں کیں۔

سری لنکن کوچ رامیش رتنائیکے کے مطابق ٹیم نے پاکستان کی اسٹرینتھ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاریاں کیں، انکا کہنا تھا کہ پیر کو ہونیوالے دوسرے میچ کیلئے فائنل الیون کے حوالے سے ذہن بنالیا ہے۔

تازہ ترین