بوم بوم شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ سے خصوصی درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان سری لنکا کا ون ڈے دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم ضرور جائیں، جس پر مائیکل ہولڈنگ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ضرور اسٹیڈیم جائیں گے۔
نجی دورے پر کراچی میں موجود ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی مائیکل ہولڈنگ کے اعزاز میں قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان شاہدآفریدی نے اپنے گھر پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ 2007ء میں پاک بھارت سیریز میں بطور کمنٹیٹر پاکستان آئے تھے، 2007ء کے بعد اب کراچی آنے والے مائیکل ہولڈنگ جب شاہد آفریدی کی رہائش گاہ پر پہنچے تو وہاں پہلے سے قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان سعید انور بھی موجود تھے، جنہیں دیکھ کر مائیکل ہولڈنگ بہت خوش دکھائی دئیے۔
اس موقع پر مائیکل ہولڈنگ نے ایک پرانی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ جب میں پہلی بار کمینٹری کے لیے آسڑیلیا گیا، تو ای این چیپل نے مجھ سے استفسار کیا کہ پاکستان کا بہترین اوپنر کون ہے؟ میں سوچنے لگا،چیپل بولے آج تمہیں دکھاؤں گا، جب میں نے سعید انور کو کھیلتے دیکھا، تو میرے پاس ماسوائے تعریف کے کچھ نہیں تھا۔
مائیکل ہولڈنگ کی گفتگو پر سعید انور نے بھی اپنی چند باتیں ان کے ساتھ شئیر کیں ،شاہد آفریدی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے، مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ ویسٹ انڈیز میں لوگ انہیں’’ بوم بوم ‘‘نہیں بم بم کہتے ہیں ۔
مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ انہوں نے آفریدی کو زیادہ کھیلتے ہوئے نہیں دیکھا، کیوںکہ شاہد ون ڈے کرکٹ میں زیادہ مصروف رہے، ٹیسٹ کرکٹ کم کھیلے۔
ڈاکٹر کاشف انصاری کے سوال پر کہ اگر شاہد آفریدی ان کے دور میں کھیلتے تو ہولڈنگ کا جواب تھا کہ ہمارے دور کے بولر آفریدی سے شاید اتنی کھلی مار نہیں کھاتے،اس حوالے سے آفریدی نے کہا کہ واقعی وہ عظیم کرکٹرز کا دور تھا، اور اس زمانے کے کرکٹرز آج بھی ہمارے لیے جب میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر چکا ہوں ، کسی ’رول ماڈل ‘ سے کم نہیں۔
شاہد آفریدی نے مائیکل ہولڈنگ کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے بالخصوص ڈاکٹر کاشف انصاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے عظیم فاسٹ بولر کو کراچی لاکر ملک کی خدمت کا عملی مظاہرہ کیا، اور پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت پہلو پیش کرنے کی شاندار کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے لیے تیز ترین سینچری بنانے والے شاہد آفریدی بطور میزبان اپنی ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں ، مطلب وہ اپنی رہائش گاہ پر مختلف اوقات میں دعوتوں کا اہتمام کرتے رہتے ہیں ، اور صرف ان کے مہمان کھیل کھلاڑی کے شعبے سے تعلق نہیں رکھتے، بلکہ زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق شخصیات ان کی مہمان بنتی ہیں۔