گزشتہ دنوں ایک تقریب کے دوران ایک صحافی شنیرا اکرم کا نام لینا بھول گیا جس کے بعد ایک اجنبی لڑکی نے انہیں یاد دلایا، اس تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق اسلام آباد میں ’اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول‘ کی تقریب جاری تھی، تقریب کے دوران پاکستانی ثقافت کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن جاری تھا جس میں ملکی و غیر ملکی صحافی موجود تھے۔
اسی دوران پاکستان کے سابق کھلاڑی، سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا کا ذکر آیا، ایک صحافی نے شنیرا اکرم سے متعلق بات کرتے ہوئے اُن کا نام لینے کے بجائے وسیم اکرم سے نسبت دیتے ہوئے کہا ’وسیم اکرم کی اہلیہ‘۔
ہال میں موجود ایک اجنبی لڑکی نے صحافی کو ٹوکتے ہوئے آواز لگائی ’شی ہیز اے نیم‘ (She has a name) اُن کا اپنا ایک نام ہے۔
اس آواز پر ہال میں موجود افراد نے تالیاں بجا کر لڑکی کو داد دی جس پر صحافی نے کہا ’جی بالکل میں شنیرا کی بات کر رہا ہوں‘۔
شنیرا اکرم نے بھی اس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور مذکورہ لڑکی کو سراہا اور پیار بھر ا پیغام بھی لکھا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایک ٹوئٹر صارف نے اپنےطنزیہ ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہاں بالکل شنیرا ایک بہت بڑی سلیبریٹی ہیں اور ہمیں اُن کا نام یاد رکھنا چاہیے۔‘
شنیرا اکرم نے جوابی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جب آپ لٹریچر فیسٹیول کے اسٹیج پر کسی کے لیے بات کر رہے ہوتے ہیں تو کم از کم اُسے عزت دیتے ہوئے نام لے کر بات کرنی چاہیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ میں کوئی سلیبرٹی نہیں ہوں مگر میں نے اپنا ایک نام بنایا ہے، آپ کا بہت شکریہ۔‘