اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کسان کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں اسد قیصر کی زیرصدارت زرعی مصنوعات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں فخرامام و دیگر نے شرکت کی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کپاس کے کاشت کاروں کو تحفظ دینا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزارت تجارت اور غذائی تحفظ کے ساتھ مل کر کاشت کاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ زراعت کے شعبے میں جدید ترین عالمی ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے، کسان کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں، ہر صورت کسانوں کی ترقی کےلیے کام کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، گنے کی قیمت خرید طے کرنے کےلیے پیر کو اجلاس ہوگا، گنے کے کاشتکار کو مناسب قیمت دلوانے کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کپاس اور گنے کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہے۔