• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ، ایک شخص جاں بحق

 آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ، ایک شخص جاں بحق


آزاد کشمیر کے ضلع میر پور اور اس کے گرد و نواح میں آج صبح پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔

گزشتہ ماہ آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

ابھی آزاد کشمیر کے شہری گزشتہ ماہ کے زلزلے کی تباہی اور نقصانات سے نکلے ہی نہیں تھے کہ میر پور شہر اور اس کے گرد و نواح میں آج صبح پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے آتے ہی علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں اور دکانوں سے کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر کھلی جگہوں پر نکل آئے۔

میرپور کے علاقے خالق آباد میں واقع ایک بوسیدہ مکان کی چھت زلزلے کے نتیجے میں گر گئی جس کے ملبے تلے 3 افراد دب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے کے نیچے سے ایک شخص کی لاش جبکہ 2 زخمی افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے

مقامی افراد کے مطابق زلزلے کے یہ جھٹکے صبح 10 بج کر 28 منٹ پر محسوس کیے گئے جن کا دورانیہ 2 تا 3 سیکنڈ رہا، تاہم اس کی شدت اور اس سے ہونے والے نقصان کے حوالے سے کوئی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ (24 ستمبر کو) آزاد کشمیر، پنجاب، خیبر پختون خوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 5 اعشاریہ 8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی گہرائی زیرِ زمین 10 کلو میٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیئے: میرپور میں بلاول کی زلزلہ متاثرین سے عیادت

زلزلے سے آزاد کشمیر کے علاقے میر پور اور جہلم کا درمیانی علاقہ جاتلاں سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا، ان علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں 3 درجن سے زائد افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے جبکہ عمارات اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔

یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2005ء کی صبح آزاد کشمیر میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ڈیڑھ لاکھ کے قریب زخمی ہو گئے تھے، زلزلے کا مرکز مظفرآباد سے 20 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا اور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی تھی۔

تازہ ترین