• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلزلے میں ہلاکتیں 37 ہو گئیں، 500 سے زائد زخمی

زلزلے میں ہلاکتیں 37 ہو گئیں،500 سے زائد زخمی


آزاد کشمیر اور دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 37 ہو گئی ہے جبکہ اس کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: زلزلے کے بعد آزاد کشمیر میں ایمرجنسی نافذ

آزاد کشمیر کے اسپتال ذرائع نے گزشتہ روز سے اب تک زلزلے میں 37 افراد کے جاں بحق اور 500 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گزشتہ روز آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کی گہرائی زیرِ زمین 10 کلو میٹر تھی۔

زلزلے سے میر پور آزاد کشمیر اور جہلم کا درمیانی علاقہ جاتلاں سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

دوسری جانب پنجاب میں خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، ملتان، اوکاڑہ، قصور، خانیوال، گجرات، کامونکی، مرید کے،  شیخو پورہ، ننکانہ صاحب، ساہیوال، پتوکی، چونیاں، پاکپتن، دیپالپور، حجرہ شاہ مقیم، نارنگ منڈی اور سیالکوٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

گزشتہ روز کے شدید زلزلے کے جھٹکے خیبر پختون خوا میں پشاور، چارسدہ، سوات، خیبر، ایبٹ آباد، باجوڑ، نوشہرہ، مانسہرہ، بٹ گرام، تورغر، شانگلہ، بونیر، دیر، اپر دیر، لوئر، چترال، مالاکنڈ اور کوہستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے 15 سے 20 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے کھلی جگہوں پر نکل آئے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں آج صبح ساڑھے 9 بجے 3.2 شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2005ء کی صبح آزاد کشمیر میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ڈیڑھ لاکھ کے قریب زخمی ہو گئے تھے، زلزلے کا مرکز مظفرآباد سے 20 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا اور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی تھی۔

تازہ ترین