اوباڑو ( نامہ نگار ) گڈو بیراج سے نکلنے والی گھوٹکی فیڈر کینال پر تجاوزات کے خلاف محکمہ آبپاشی سیڈا کا آپریشن، درجنوں دکانیں اور مکانات مسمار کر کے قبضے واگزار کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ آبپاشی سیڈا غلام یاسین قریشی کے مطابق ضلع گھوٹکی کے سب سے بڑے گھوٹکی کینال کے مقام پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جس کے دوران گھوٹکی فیڈر کینال پر قائم دکانیں اور مکانات مسمار کر کے قبضہ واگزار کرا لیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر سیڈا غلام یاسین قریشی کا کہنا تھا کہ گھوٹکی فیڈر کینال پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کا مقصد گھوٹکی فیڈر کینال کو اصلی حالت میں بنانا ہے، اس منصوبے پر دو ارب نوے کروڑ روپے لاگت آئے گی انہوں نے بتایا کہ یہ زیرو سے 127 آر ڈی تک ریگیولیٹروں کی تبدیلی اور جو کینال چوک ہوچکے ہیں انہیں از سر تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ پورے کینال کی ازسر نو بحالی کی جائے گی اور گھوٹکی فیڈرکینال پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کیا جانے والا آپریشن غیر قانونی قبضوں کے واگزار ہونے تک جاری رہے گا ۔