جمعیت علماء اسلام ف کے سینیئر رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطا الرحمان نے اپنی جماعت کے رہنما اکرم درانی کے لاک ڈاؤن اور دھرنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والے بیان کی تردید کر دی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں مولانا عطا الرحمان نے سینیئر صحافی حامد میر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ لاک ڈاؤن بھی ہوگا اور دھرنا بھی ہو گا، اس کا نام آزادی مارچ ہوگا۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اکرم خان درانی کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر کا آزادی مارچ کشمیریوں سے یک جہتی کےلیے ہے۔
اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ ایک دو روز میں ہم رہبر کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے، پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں سے بات چیت چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آزادی مارچ کو لاک ڈاؤن اوردھرنے کا نام تو میڈیا کے لوگ دے رہے ہیں ،ہم تو احتراما ًسخت جواب نہیں دیتے۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ آزادی مارچ کتنا ہونا چاہیے یہ فیصلے وقت اور حالات کی مناسبت سے موقع پر ہونگے ۔