کوہاٹ (نمائندہ جنگ)کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں کو استاد کو عزت و تکریم دینے کی خاطر سیلوٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ ضلعی پولیس دفتر سے جاری سرکلر میں ڈی پی او کوہاٹ واحد محمود نے پولیس افسران واہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ فرائض منصبی کے دوران جہاں کہیں بھی اساتذہ سے ملاقات ہو تو انہیں سیلوٹ کیا جائے،عزت مآب کے لقب سے پکارا جائے اور مکمل پروٹو کول وعزت وتکریم دی جائے۔سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ ہر معاشرے میں اساتذہ کو ہمیشہ سے عزت واحترام حاصل ہے خصوصاً دین اسلام نے زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے اساتذہ کو روحانی باپ کا درجہ دیا ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک اس شعبے سے وابستہ لوگوں کو قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔