• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعجاز شاہ باصلاحیت آدمی، انکی حکمت عملی مولانا کو ششدر کردیگی، فواد

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ حکومت مدارس کے بچوں کو چارہ کے طور پر استعمال نہیں ہونے دے گی۔

ماہر قانون بابر ستار نے کہا کہ پارلیمنٹ نے فوجی عدالتیں تو بنا دیں لیکن نیب قوانین میں آج تک اصلاحات نہیں کیں۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف حکومتی موقف ہر گزرتے دن کے ساتھ سخت ہوتا جارہا ہے، حکومت جو کچھ دن پہلے تک جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کو سنجیدہ نہیں لے رہی تھی بلکہ اپوزیشن کو سہولتیں دینے کی بات کررہی تھی اب اس کے وزراء کی جانب سے سخت زبان استعمال کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کچھ قوتوں کی لاشوں اورا نتشار کی خواہش ضرور ہوگی لیکن ایسا نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمٰن کو 27اکتوبر کی تاریخ بدلنی نہیں چاہئے اسی موقع پر آنا چاہئے، آئین، پاکستان پینل کوڈ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں میں واضح ہے کہ کس قسم کا احتجاج ہوسکتا ہے کس قسم کا احتجاج نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کے بچوں کو چارہ کے طور پر استعمال نہیں ہونے دے گی، اگر مولانا فضل الرحمٰن سیاسی احتجاج کریں گے تو سو بسم اللہ ضرور احتجاج کیجئے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اعجاز شاہ باصلاحیت آدمی ہیں ان کی حکمت عملی مولانا صاحب اور ان کے ساتھیوں کو ششدر کر دے گی، مولانا صاحب کے دھرنے جیسے تو ہم ہر جمعہ دیکھتے ہیں اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے، مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کے بجائے برطانوی شہزادے اور شہزادی کے دورے پر زیادہ بات ہونی چاہئے، پاکستان میں دس سال بعد کرکٹ ہوئی ہے ہمیں اس کی خوشی منانی چاہئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے چین جیسے اختیارات کی بات خاص تناظر میں کی ہے، حکومت کو تیرہ مہینے ہوگئے ہیں لوگ نتائج چاہتے ہیں، سعودی عرب اور چین میں احتساب میں اتنا وقت نہیں لگا تھا۔

نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کے اثاثوں کے بارے میں کسی کو شبہ نہیں ہے، سب کو پتا ہے ان کے اثاثے کتنے اور کہاں ہیں لوگ ان سے ریکوری چاہتے ہیں، نواز شریف کے بچے اور اسحق ڈار باہر بھاگ گئے اور پیسے نہیں دے رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاناما اسکینڈل کسی مہذب ملک میں ہوتا تو ان کی نسلیں بھی سیاست نہیں کرسکتی تھیں، پیسے لوٹنے والوں سے ریکوری کرنا بھی قانون کی حکمرانی کی بات ہے، پرویز خٹک خود کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ یہ زیادتی ہے کہ ان کیخلاف مقدمہ انتہائی کمزور ہے لیکن کسی حتمی نتیجہ پر نہیں پہنچا جارہا۔

پرویز خٹک سوچ رہے ہیں کہ نیب کی طویل تحقیقات پر عدالت میں چلا جاؤں، میڈیا کے بیانیہ کی وجہ سے پرویز خٹک اور سبطین خان جیسے لوگوں کو بھی تکلیف اٹھانا پڑتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف ڈھائی سال سے ہیلی کاپٹر کیس میں نیب کی انکوائری پینڈنگ ہیں، وزیراعظم اپنے خلاف انکوائری بند نہیں کروارہے تو باقی لوگوں کیخلاف کیوں بند کروائیں گے۔

عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کے منصوبوں کے افتتاح کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کیا تھا، علیم خان، پرویز خٹک اور سبطین خان پر کیسوں کی نوعیت اور ہیئت نواز شریف، شہباز شریف یا دیگر لوگوں کے کیسوں سے مختلف ہے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر الزامات کو عدالتیں مذاق کہہ چکی ہیں، میرے نزدیک وزیراعظم عمران خان کا دورہ زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

تازہ ترین