• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا کی فتح کے بعد پریرا نے پاکستان نہ آنے کے راز سے پردہ اٹھادیا

سری لنکا کی فتح کے بعد پریرا نے پاکستان نہ آنے کے راز سے پردہ اٹھادیا
تھیسارا پریرا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز میں شرکت کے لیے بھی پاکستان آچکے ہیں

سری لنکا کے مستقل کپتان تھیسارا پریرا نے اپنی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستان نہ آنے کی وجہ بتادی۔

سری لنکن ٹیم اس وقت دورہ پاکستان پر موجود ہے جہاں اسے 3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں حیران کن واپسی کرتے ہوئے اس نے قومی ٹیم کو ابتدائی دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست سے دوچار کیا۔

دسن شناکا کی قیادت میں سری لنکا نے پاکستان ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 64 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 35 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا۔

یہ پہلا موقع تھا کہ جب پاکستان ٹیم کو اپنی ہی سرزمین پر کسی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی نسبتاً کم تجربہ کار ہیں جبکہ اس ٹیم کے مستقل کپتان تھیسارا پریرا نے بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی۔

تھیسارا پریرا کے اس انکار کو پاکستان میں سخت ناپسند کیا گیا جبکہ یہ افواہیں بھی سامنے آئی تھیں کہ بھارت کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا تو انہیں انڈین پریمیئر لیگ سے نکال دیا جائے گا۔

تاہم اب تھیسارا پریرا نے جمود کو توڑتے ہوئے پاکستان نہ آنے کی اصل وجہ بھی بتادی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جب وہ کریبین لیگ کے لیے ویسٹ انڈیز میں موجود تھے تو انہیں ڈینگی ہوگیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے ان کے پاکستان نہ آنے کے بارے میں کچھ جانے بغیر ہی بہت باتیں کہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے جب 2017ء میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کوششیں کامیاب ہوئیں اور فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون نے تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا تو تھیسارا پریرا اس ٹیم کا حصہ تھے۔

اس کے بعد اکتوبر میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ لاہور میں کھیلا گیا جس میں شرکت کے لیے تھیسارا پریرا سری لنکن ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔

علاوہ ازیں تھیسارا پریرا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز میں شرکت کے لیے بھی پاکستان آچکے ہیں۔ 

تازہ ترین