• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک سری لنکا سیریز کا آخر ٹی ٹوئنٹی ’پنک ڈے‘ سے منسوب

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کو پنک ڈے (بریسٹ کینسر سے آگاہی کا دن)  سے منسوب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

میچ کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو گلابی رنگ سے رنگ دیا جائے جبکہ میچ سے قبل خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

مذکورہ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی شریک ہوں گے۔

صدر مملکت اس دوران پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے کپتانوں کو گلابی رنگ کی ربن بھی پہنائیں گے۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھی گلابی رنگ کی ربن باندھیں گے۔

پی سی بی اسٹیڈیم میں 12 ہزار شائقین کو گلابی ربن جبکہ 750 گلابی شرٹس بھی تقسیم کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ بریسٹ کینسر سے آگاہی کا یہ دن ’پنک ڈے‘ کے نام جانا جاتا ہے جبکہ کرکٹ کی دنیا میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں ایک میچ کے دن کو اس سے منسوب کردیا جاتا ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم اس روز اپنی حریف ٹیم کے خلاف گلابی رنگ کی ہی جرسی میں میدان میں اترتی ہے۔

تاہم اب کرکٹ میں پنک ڈے منائے جانے کی یہ روایت پاکستان میں بھی قائم کی جارہی ہے۔ 

خیال رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 64 رنز سے شکست دے کر اپنی کامیابی کی داستان کا آغاز کیا تھا جبکہ اسے دوسرے میچ میں بھی آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 35 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ٹیم نے گرین شرٹس کو اسی کی اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم واٹ واش سے بچنے کے لیے آخری ٹی ٹوئنٹی جیتنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔

تازہ ترین