• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین سے ایم ایل ون منصوبہ دفاعی شرائط پر مکمل کرنیکی درخواست

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان نے چین سے درخواست کی ہے کہ وہ سی پیک کے تحت ریلویز کے ایم ایل ون پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے 8.2؍ ارب ڈالرز مالیت کا قرضے کی شرائط وہی رکھے جو دفاع اور فوج سے جڑے منصوبوں کیلئے رکھی جاتی ہیں۔ 

اس بات کا انکشاف سیکریٹری ریلویز سکندر سلطان راجہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس کی صدارت محمد اسد علی خان جونیجو نے کی۔ 

اجلاس میں سیکریٹری ریلویز نے بتایا کہ سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلویز کا 2.6؍ ارب ڈالرز کا پروجیکٹ دوبارہ جاپان کی انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ساتھ اٹھانے کیلئے تیار ہے کیونکہ وہ چین کے مقابلے میں زیادہ بہتر شرائط پر قرضہ دے رہے ہیں۔ 

ریلویز کے ڈائریکٹر جنرل پلاننگ نے اجلاس کو بتایا کہ ایم ایل ون کے تحت گوادر سے مستونگ اور بسیما سے جیکب آباد تک ریلوے لائن اپ گریڈ کی جائے گی، حویلیاں سے خنجراب تک نئی ریلوے لائن بچھائی جائے گی جس کی مجموعی مالیت 8.2؍ ارب ڈالرز ہے اور یہ پانچ سال کے دوران تین پیکیجز میں فراہم کی جائے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 2.248؍ ارب ڈالرز خرچ ہوں گے جبکہ دوسرے اور تیسرے پیکیج کی مالیت ابتدائی ڈیزائن کی تکمیل کے بعد واضح ہوگی۔ پیکیج ون کیلئے مالیت کا تخمینہ اور پی سی ون تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کے ذریعے کرایا گیا ہے۔ 

کمیٹی نے 8.2؍ ارب ڈالرز کے اخراجات، روپے کی گرتی اور ڈالر کی بڑھتی قدر پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ 

کمیٹی کو بتایا گیا کہ 8.2؍ ارب ڈالرز کا زیادہ تر حصہ درآمدات پر خرچ کرنا پڑے گا جس میں سے 33؍ فیصد ڈیوٹی اور ٹیکسز ریلویز ادا کرے گی۔ 

سینیٹر مرزا محمد نے سوال اٹھایا کہ آیا ریلوے کے وزیر نے اعلیٰ سطح پر یہ معاملہ اٹھایا ہے جس پر سیکریٹری نے نفی میں جواب دیا۔ ریلویز کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی مظہر علی شاہ نے کمیٹی کو بتایا کہ سرکلر ریلوے کیلئے ٹریک پر قبضے واگزار کرا لیے گئے ہیں اور صرف 5؍ کلومیٹر کا علاقہ باقی رہ گیا ہے، جیسے ہی پروجیکٹ شروع ہوگا تو یہ علاقہ بھی واگزار کرا لیا جائے گا۔ 

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت ریلویز کیساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

تازہ ترین