• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ، کراچی کے طلبا بازی لے گئے

کراچی (محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) سندھ بھر کے نجی و سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال اول کے داخلوں کیلئے منعقدہ داخلہ ٹیسٹ میں لاڑکانہ اور نواب شاہ کے اضلاع کے طلبہ کے نتائج سب سے کم رہے۔ پی ایم ڈی سی کی ہدایت کے مطابق داخلہ ٹیسٹ میں کامیابی کی شرح 50 فیصد کے بجائے 60 فیصد رکھی گئی تھی۔ داخلہ ٹیسٹ میں نواب شاہ کے طلبہ کے پاس ہونے کا تناسب 16.88 فیصد رہا جس میں 1670 طلبہ اور 282 طالبات شامل تھیں۔ لاڑکانہ کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 20.81 فیصد رہا جس میں 3456 طلبہ اور 722 طالبات شامل تھیں۔ سکھر کا 27.13 فیصد، میرپور خاص کا 21.77 فیصد، حیدرآباد کا 23.13 فیصد جب کہ کراچی کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 42.25 فیصد تھا جو تمام اضلاع میں سب سے زیادہ تھا۔ مجموعی نتائج 29.56 فیصد رہے۔ 137؍ امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ میں 90؍ یا اس سے زائد نمبر لیے جبکہ مجموعی طور پر ٹیسٹ میں 27؍ ہزار 764؍ امیدواروں نے شرکت کی۔ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج میں کراچی کی جویریہ خان اور سکھر کے وسیم عباس نے مجموعی طور پر 200 نمبروں میں سے 195 نمبر حاصل کر کے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نمبر لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ لاڑکانہ کے شاہ زیب اعوان 192 نمبر حاصل کر کے دوسرے، حیدرآباد کے آشیش 189؍ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، میرپورخاص کی عنبر نے 187؍ جبکہ نواب شاہ کے عبدالوہاب نے 180 نمبر لئے۔ یاد رہے کہ پی ایم ڈی سی کے فیصلے کی روشنی میں ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کیلئے انٹرمیڈیٹ میں 70؍ فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی تھا۔
تازہ ترین