پاکستان کے سینئر اور بے مثال اداکار نعمان اعجاز نے ملک کی موجودہ صورتحال پر کھل کر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ حالات تشویشناک ہیں، مگر میری امید اور محبت آج بھی پاکستان سے وابستہ ہے۔
نعمان اعجاز نے بےشمار مقبول ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے ہی، حال ہی میں نجی ٹی وی کے کامیاب ڈرامہ سیریل بسمِل میں شاندار اداکاری پر انہیں زبردست پذیرائی ملی، جبکہ ان دنوں ڈرامہ شرپسند میں ان کی کارکردگی کو بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔
حال ہی میں ایک پروگرام میں پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے کہا کہ میں اب بھی پُرامید ہوں، میں اپنے ملک سے محبت کرتا ہوں، میں اپنے لوگوں سے محبت کرتا ہوں، مجھے پاکستان کی ہر چیز سے محبت ہے، مگر اسے صاف کرنے کی ضرورت ہے، کسی کو اسے واشنگ مشین میں ڈال کر صاف کرنا ہوگا، اس پر لگے داغ دھبے ختم کرنا ہوں گے، کیونکہ یہ اب بہت گندا ہو چکا ہے۔
دیانت داری اور محنت کی قدر پر بات کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے موجودہ نظام پر سخت تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایماندار آدمی کی کوئی جگہ نہیں، محنت اور خالص نیت سے کام کرنے والے شخص کی کوئی قدر نہیں، بہت سے لوگ ایمانداری سے کام کرنا چاہتے ہیں، مگر ناانصافیوں کی وجہ سے کر نہیں پاتے، اگر میں ایمانداری سے کام کروں تو مجھے وقت پر معاوضہ ملنا چاہیے، لیکن یہاں ایسا نہیں ہوتا۔