• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے نے ترکی کو ہتھیاروں کی برآمد روک دی

اوسلو(آئی این پی)ناروے نے ترکی کے لیے ہتھیاروں کی کسی بھی نئی کھیپ کی برآمد روکنے کا اعلان کیا ہے۔ نیٹو اتحاد کے رکن ملک کی جانب سے یہ اعلان شام کے شمال مشرق میں ترکی کے فوجی آپریشن کے جواب میں سامنے آیا ہے۔اس سے قبل بدھ کی شام فضائی معاونت سے شروع ہونے والے ترکی کے زمینی حملے کی مذمت میں مغربی اور عرب ممالک کے بیانات کا تانتا بندھ گیا۔ناروے کا کہنا ہے کہ ترکی کے اس آپریشن میں شمال مشرقی شام میں کئی قصبوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور ہزاروں نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔فرانس، برطانیہ اور ہالینڈ کے علاوہ یورپی یونین کی جانب سے بھی ترکی کے حملے کی پر زور مذمت کی گئی ہے اور خطے اور اس کے استحکام پر اس آپریشن کے دور رس نتائج سے خبردار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مذکورہ ممالک کا کہنا ہے کہ ترکی کی فوجی کارروائی کے سبب جنگ سے تباہ حال ملک میں انسانی بحران کی سنگینی میں بھی اضافہ ہو گا۔
تازہ ترین