• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آزادی مارچ، مذاکرات کا آپشن کھلا، فی الحال کمیٹی قائم کی نہ ضرورت ہے، اہم ایشوز پر بات چیت کے دروازے کھلے ہیں،عمران خان، سرکاری ترجمانوں سے خطاب

اسلام آباد: وزیراعظم خان کی زیر صدارت سرکاری ترجمانوں کا اجلاس

اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے‘کسی نے قانون توڑا تو قانون حرکت میں آئے گا،‘مدرسہ اصلاحات سمیت اہم ایشوز پر کوئی بات کرنا چاہے تو ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

آزادی مارچ کے حوالے سے جے یو آئی (ف) سے مذاکرات کیلئے کمیٹی کے قیام کی فی الحال ضرورت نہیں مگر مذاکرات کا آپشن کھلا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم خان کی زیر صدارت سرکاری ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دھرنے کے شرکا سے سیاسی طور پر مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ کیا جے یو آئی (ف) سے مذاکرات کیلئے کوئی کمیٹی قائم کی گئی ہے؟ جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ کمیٹی کے قیام کی فی الحال ضرورت نہیں مگر مذاکرات کا آپشن کھلا ہے۔

دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کرلیا، وزیراعظم دورہ چین پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیں گے‘ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا 15 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیاہے۔

علاوہ ازیں عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جمعہ کو یہاں وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ پنجاب میں سیاست اور ترقی سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔

صباح نیوز کے مطابق عمران خان کل اتوار کو ایک روزہ دورے پر ایران اور سعودی عرب جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے پر بات کریں گے۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے دعوی کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایران کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا پیغام پہنچایا ہے۔

پیغام میں سعودی ولی عہد نے ایران کوبات چیت کی پیشکش کی ہے۔ 

تازہ ترین