• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم کی ایران سعودیہ ثالثی کی کوشش، تہران کا خیر مقدم

وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے لیے کوششوں پر تہران نے خیر مقدم کیا ہے۔

ترک میڈیا کو انٹرویو کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے پاس ایک دوسرے سے بات چیت کے علاوہ دوسرا راستہ نہیں ہے، سعودی عرب پڑوسی ملک ہے ہمیں ہمیشہ ساتھ رہنا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ ایران کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی ثالث کار کو انکار نہیں کیا، ہم ہمیشہ پڑوسی ملک سعودی عرب سے ثالثی یا براہِ راست مذاکرات کو تیار ہیں۔

اس سے قبل عرب میڈیا سے گفت گو میں ایرانی حکومت کے ترجمان نے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے دورے سے پہلے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پیغام پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران میں جاری کشیدگی پر وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے دوران ایران سے ثالثی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز وزیرِ اعظم عمران خان نے قبول کر لی تھی۔

اس حوالے سے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا ہے، وہ جلد ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: ایران سے ثالثی، ٹرمپ نے عمران کی تجویز قبول کرلی

انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ خطہ جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس کے خطرناک نتائج مرتب ہوں گے۔

اسی حوالے سے گزشتہ روز وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سعودی اور ایرانی قیادت سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیرِ اعظم جلد ایران اور سعودی عرب کا دورہ کریں گے، کوشش ہوگی کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اور غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔

تازہ ترین