• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم جاگ اٹھی، اسلام آباد کا ٹیپو سلطان سورہا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم جاگ اٹھی ہے لیکن اسلام آباد کا ٹیپو سلطان سورہا ہے۔

سراج الحق کا اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے آزادی کشمیر کنونشن  سے خطاب 


اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے آزادی کشمیر کنونشن (اب ہند بنے گا پاکستان)  سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کے بیانات سے نریندر مودی کو حوصلہ ملا اور کشمیری مایوس ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہر قبرستان کے کتبے پر پاکستان لکھا ہے، وہاں کی خواتین عزت بچانے کے لئے جانیں دے رہی ہیں اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا رہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کرنے کی کوشش اچھی بات ہے، لیکن پہلے اپنے گھر کو بھی درست کرنے کی ضرورت ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو چاہئے تھا، سیاستدانوں، ڈاکٹروں، کاروباری افراد سب سے مشورہ کرتے اور ایک موقف سامنے لاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں خطاب کے بعد وزیراعظم پاکستان آکر اعلان کر رہے ہیں کہ ایل او سی پار کرنے والا غدار ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی، سفید پوش افراد بھی لنگر خانوں میں قطار بنانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے سے پہلے انہوں نے عافیہ کے اہل خانہ سے وعدہ کیا اور حکومت میں آنے کے بعد ان کا ذکر بھی نہیں کیا۔

تقریب سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آدھا کشمیر بھی جہاد کے ذریعے حاصل کیا تھا اور باقی کشمیر بھی جہاد سے حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سب میں شعور بیدار کریں گے۔

کنونشن سے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم اعلیٰ محمد عامر ناظم کراچی عمر احمد خان انیق احمد تابش  سمیت دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین