• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ بننے کیلئے تیار

بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ بننے کے لیے تیار ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر آئندہ بورڈ میٹنگ کے دوران بورڈ کا سربراہ منتخب کرلیا جائے گا۔ 

بورڈ آف کنٹرول کرکٹ انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ کے لیے سارو گنگولی واحد امیدوار تھے جنہوں نے اپنے کاغذات جمع کروائے۔

رواں برس 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی صدر کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے جس میں سارو گنگولی بلا مقابلہ بورڈ کے صدر منتخب ہوجائیں گے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے صدارت کے امیدوار کے لیے درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر مقرر کی گئی تھی تاہم بھارت کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک سارو گنگولی کے علاوہ کسی نے درخواست جمع نہیں کروائی۔

خیال رہے کہ 2008 میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے والے بھارتی کپتان کو گزشتہ ماہ دوبارہ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ بھارت کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے چیئرمین کا عہدہ ممکنہ طور پر سابق بھارت کرکٹر اور تجربہ کار منتظم برجیش پٹیل کو دیا جائے گا۔

دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ سیکریٹری کے عہدے کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔

اپنی تقرری سے متعلق بات کرتے ہوئے سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کی ساکھ کو مزید بہتر کرنا بطور صدر ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔

اپنی درخواست جمع کروانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں، گزشتہ تین برسوں کو دیکھتے ہوئے یہ بھارتی کرکٹ کے لیے بہت اہم وقت ہے۔

سارو گنگولی نے کہا کہ ہمیں بہت کچھ کرنا ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم بورڈ کو ٹھیک کرسکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سارو گنگولی بھارت کے دور حاضر میں کپتان بننے کے بعد کرکٹ بورڈ کا صدر بننے والے پہلے منتظم بن جائیں گے۔

ان سے قبل بھارت کے سابق کپتان مہاراج کمار 1954 میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ بنے تھے، لیکن انہیں کپتانی کا اعزاز تقسیم ہند سے قبل 1936 میں حاصل ہوا تھا جب انہوں نے برطانوی راج کے دوران بھارتی ٹیم کے دورہ برطانیہ کے دوران کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔

تازہ ترین