• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاٹھور لنک روڈ پر ٹرک ڈرائیورز کا احتجاج ختم

کاٹھور لنک روڈ پر احتجاج کے دوران فائرنگ سے 3 افراد کی ہلاکت کے خلاف ٹرک ڈرائیورز کا لنک روڈ اور سپر ہائی وے پر 9 گھنٹے سے جاری احتجاج ختم ہو گیا، مظاہرین سے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے مذاکرات کیے۔

ٹرانسپورٹرز نے صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ سے مذاکرات کے بعد ان کی موجودگی میں واقعے کا مقدمہ درج ہونے پر سپر ہائی وے پر 9 گھنٹے سے زائد جاری احتجاجی دھرنا ختم کیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی صاف و شفاف انکوائری کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ٹول پلازہ عملےکی تلخ کلامی پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 افراد کی ہلاکت کے خلاف ٹرک ڈرائیورز نے کاٹھور کے قریب لنک روڈ اور انصاری پل کے قریب سپر ہائی وے بند کر دی تھی۔

احتجاج کے باعث کراچی حیدرآباد موٹر وے کے دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی معطل تھی، جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، کراچی آنے اور کراچی سے جانے والے مسافر کئی گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔

ڈی آئی جی عامر فاروقی نے مظاہرین سے مذاکرات کیے تاہم احتجاج جاری رہا، مظاہرین نے روڈ پر کچرا اور دیگر سامان رکھ کر آگ لگا دی۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس پر مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا تھا۔

تازہ ترین