کراچی (اسٹاف رپورٹر )سپرہائی وے لنک روڈ پر قائم ٹول پلازہ عملے کی جانب نے معمولی تلخ کلامی پرٹرک ڈرائیوروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو ٹریلر ڈرائیور اور ایک کلینر جاں بحق ہوگئےجبکہ مشتعل ڈرائیورز کے پتھراؤ سے ایک شخص زخمی ہو گیا ،پولیس نے بتایا ہے کہ ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس کی رقم زیادہ وصول کرنے پر ٹریلرز ڈرائیوروں نے گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے ۔تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کی حدود لنک روڈ کاٹھورموڑ کے قریب قائم ٹول پلازہ کے پاس ٹریلرز ڈرائیوروں نے ٹول ٹیکس زیادہ وصول کرنے پر اپنے گاڑیاں کھڑی کر کے احتجاج کرتے ہوئےمظاہرہ کیا جس پر ٹول پلازہ عملے سے ڈرائیوروں کی تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد ٹول پلازہ عملے نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز و پولیس اور ریسکیو ادارے کا عملہ موقع پر پہنچ گئے ، پولیس نے 3 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیاتاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تینوں زخمی دم توڑ گئے ،ٹول پلازہ عملے کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیوروں کےمارے جانے کے بعد ڈرائیورز بھی مشتعل ہوگئے اور ٹول پلازہ عملے پر پتھراؤ کیا اور تصادم کے باعث لنک روڈ میدان جنگ بن گیااور ٹریفک جام ہو گیا، پولیس کے مطابق مقتولین کے شناخت 30 سالہ نیاز ولد حمید 30 سالہ محمد رسول ولد گل محمد 39 سالہ ایوب ولد روشن اور پتھراؤ سے زخمی کی شناخت 32 سالہ حفیظ کے نام سے ہوئی ہے ، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں 2 ڈرائیورز اور ایک کلینئر شامل ہے ، پولیس کا کہنا تھا کہ ٹول پلازہ پرمبینہ طور زیادہ ٹول ٹیکس وصولی پر ٹریلرز ڈرائیوروں نے احتجاج کر رہے تھے کہ تصادم کے بعد ٹول پلازہ کے عملے کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ، پولیس واقعہ کی مذید تفتیش کر رہی ہے ،تاہم پولیس کی جانب سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی نہ ہی تاحال مقدمہ درج کیا گیا ہے ،پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ واقعے کے بعد لنک روڈ پر مشتعل مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے تاحال سڑک کو بلاک کیاہو ا ہے جبکہ ٹول ٹیکس کا عملہ موقع سے فرار ہوگیا ۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس کا عملہ مافیا بن چکا ہے اورہائی ویز پر جھگڑا بھی معمول بن گیااور عملے کے بہیمانہ تشدد سے متعدد شہری اور پولیس اہلکار بھی زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لنک روڈ پر تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔