• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب حادثہ، جاں بحق افراد میں پاکستانی بھی شامل

سعودی عرب: خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 جاں بحق


دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 35 مسافروں میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کو زخمیوں کے فوری علاج کےلیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کےلیے سعودی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل متعلقہ سعودی حکام اور کنگ فہد اسپتال کے اسٹاف سے رابطے میں ہیں اور جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے حوالے سے تفصیلات حاصل کر رہے ہیں جو جلد جاری کی جائیں گی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اپنے اہلکاروں کے نام اور رابطہ نمبر بھی دیے گئے ہیں تاکہ اُن سے حادثے سے متعلق کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے رابطہ کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

مدینہ سے 170 کلو مٹیر دور الاکحل ہجرہ روڈ پر بس اور لوڈر میں تصادم کے باعث جانی نقصان ہوا، بس میں 39 مسافر سوار تھے۔

سعودی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایشیا اور عرب ممالک سے ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی افراد کو الحمنا اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔

تازہ ترین