• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹی ٹوئنٹی، سرفراز کا بیٹ مسلسل خاموش، سندھ کو دوسری شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کےسرفراز احمد کا بیٹ مسلسل خاموش ہے اور قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں بھی وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ خراب بیٹنگ فارم نے پاکستان ٹیم میں ان کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلوچستان نے تیسری کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات روشن رکھے۔ جمعرات کو بلوچستان نے سدرن پنجاب کو اور ناردرن نے سندھ کی مضبوط ٹیم کو 66 رنز کے بڑے مارجن سےشکست دے دی۔ سندھ نے چار میں سے دو میچ جیتے ہیں اور انہیں دو میچوں میں شکست ہوئی۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سند ھ کی بیٹنگ لائن اپ بڑے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اورمایوس کن انداز میں125 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ احسان علی 20 گیندوں پر29 رنز بناکر نمایاں رہے۔ خرم منظور نے16، اسد شفیق نے17، سعد علی نے دو ، سرفراز احمد نے 15 گیندوں پر17، سعود شکیل نے 15 ، انور علی نے پانچ، کاشف بھٹی نے چھ اور محمد حسنین نے ایک رن بنایا۔ لیگ اسپنر شاداب خان نے 28 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ محمد عامر نے18 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ سہیل تنویر، عمادوسیم ، محمد نواز اور حارث رئوف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے میچ میں ناردرن نے سات وکٹ پر 191 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے سہیل اختر نے 36 گیندوں پر63 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ عمر امین نے36 اور آصف علی نے30 رنز بنائے۔ عماد وسیم نے19 گیندوں پر27 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ شاداب خان کوئی رن نہ بناسکے۔ محمد حسنین نے چار اوورز میں 32 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ سہیل خان، کاشف بھٹی ، مرزا احسن اور انور علی کو ایک ایک وکٹ ملی۔ کاشف بھٹی نے45 رنز دیے۔ قبل ازیں پہلےمیچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بلوچستان کی ٹیم نے 145 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ وہاب ریاض نے اختتامی اوورز میں 17 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 144 تک پہنچایا۔ سدرن پنجاب نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ فاسٹ بولر عاکف جاوید نے 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد اصغر نے2 جبکہ یاسر شاہ اور عماد بٹ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں امام الحق 51 اور اویس ضیاء 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد کپتان حارث سہیل اور عمران بٹ کے درمیان ناقابل شکست 47 رنز کی شراکت نے بلوچستان کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ عمران بٹ 28 اور کپتان حارث سہیل 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بلوچستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سدرن پنجاب کے اسپنر زاہد محمود نے 2 وکٹ لیے۔

تازہ ترین